صیہونی فوجی اہداف پر حزب اللہ کے حملے، دو صیہونی فوجی ہلاک
غاصب صیہونی حکومت کے میڈیا نےشام کے مقبوضہ جولان کے علاقے میں حزب اللہ لبنان کے جوابی میزائل حملوں میں دو صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے میڈیا نے شام کے مقبوضہ جولان کے علاقے میں قابض فوج کے ٹھکانوں پر حزب اللہ کے زبردست وسیع پیمانے پر کئے جانے والے جوابی میزائل حملوں میں اس حکومت کے دو فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد دیگر کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
اس دوران حزب اللہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی حالیہ دہشت گردانہ کارروائی میں مزاحمت کے ایک اعلیٰ کمانڈر کی شہادت کے جواب میں اس نے قابض فوج کے ٹھکانوں کو دوسو سے زائد میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے جرائم کے جواب میں حزب اللہ لبنان نے جمعرات کو اسرائیلی فوج کے ہیڈکوارٹرز کو دو سو سے زائد راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔
ان حملوں میں کمان کے نئے ہیڈ کوارٹر اییلایت، اوراسی طرح کاتساویا اور گاملا نامی بیرکوں، اور نفح بیس میں گولان یونٹ اور یردن کی بیرکوں کی آرٹلری رجمنٹ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ صیہونیوں نے حزب اللہ کے اس حملے کے بعد اعتراف کیا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین کا علاقہ اسرائیل کے ہاتھ سے نکل گیا ہے۔