Jul ۱۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran
  • فلسطین: خان یونس میں صیہونی وحشیگری کا سلسلہ جاری

فلسطین کے خان یونس علاقے میں صیہونی حکومت کے جرائم میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 90 تک پہنچ گئی۔

سحرنیوز/عالم اسلام: طبی ذرائع نے اتوار کی صبح اطلاع دی ہے کہ جنوبی غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے مجرمانہ حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہے۔ ارنا نے فلسطینی خبر رساں ایجنسی "سما" کے حوالے سے بتایا ہے کہ خان یونس کے علاقے المواصی میں پیش آنے والے اس جرم میں 300 سے زائد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہيں۔
اس سے قبل صیہونی فوج کے اس جرم میں شہید ہونے والوں کی تعداد 71 بتائی گئی تھی۔ غزہ پٹی کے جنوب میں یہ علاقہ ہزاروں فلسطینی پناہ گزینوں کی بستی تھی جسے صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے نشانہ بنایا۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے پہلے کہا تھا کہ غزہ کا کوئی بھی علاقہ محفوظ نہیں ہے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید کوششیں کی جانی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں غزہ کے عوام کے لیے تشدد کے دور کو ختم کرنے اور ان تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے فوری طور پر دشمنی ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ غزہ پٹی میں فلسطینی وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک صیہونی حکومت کے حملوں میں 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 88 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

ٹیگس