غزہ پر صیہونی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری، 64 فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی
غزہ پر دہشتگرد صیہونی ٹولے کے حملے میں مزید درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ سے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق غزہ کے وسطی علاقے پر صیہونی دہشتگردوں نے بمباری کر کے مزید کم از کم چونسٹھ فلسطینیوں کو شہید اور سو سے زائد کو زخمی کر دیا۔ بمباری کے بعد علاقے سے بڑے ہولناک مناظر سامنے آئے جن میں نومولود بچوں اور حتیٰ حاملہ خواتین کی المناک شہادتیں بھی دیکھنے کو ملیں۔ غزہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ جنگل کے جانوروں کی طرح ان کا شکار کیا جا رہا ہے اور صیہونی دشمن نے ان کے لئے اب کوئی بھی ایسی جگہ نہیں چھوڑی ہے جہاں وہ جاکر پناہ لے سکیں۔
غزہ کے دیگر علاقوں پر بھی صیہونی دہشتگردوں کے اندھا دھند حملے جاری ہیں۔ ایسے حالات میں کہ جب بار بار نقل مکانی پر مجبور ہونے والے غزہ کے مکین ایک مختصر سی پناہگاہ کی تلاش میں ادھر اُدھر بھٹک رہے ہیں، صیہونی دہشتگرد ان پر بمباری، گولہ باری اور فائرنگ کر کے ان کا شکار کرنے میں مصروف ہیں۔
سات اکتوبر کے بعد سے اب تک صرف غزہ میں کم از کم انتالیس ہزار فلسطینی شہید اور نوے ہزار کے قریب زخمی ہو چکے ہیں جبکہ دس ہزار سے زاید اب بھی لاپتہ یا ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔