ایک اور حماس کے رہنما ہوئے شہید، عام سوگ اور عام ہڑتال کا اعلان
فلسطین کی تحریک حماس کے ایک اور رہنما صیہونی جیل میں شہید ہو گئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک حماس کے رہنما شیخ مصطفی ابوعرہ کو گذشتہ سال سات اکتوبر سے ہی جیل میں شکنجے دیئے جا رہے تھے جو صیہونی ایذا رسانی کے نتیجے میں شہید ہو گئے۔
اس فلسطینی رہنما کی شہادت کے بعد غزہ کے خلاف جاری صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد بڑھکر انیس ہو گئی ہے۔ تحریک حماس کے اس رہنما کو سال انیس نوے (1990) سے بارہا گرفتار کرکے جیلوں بند کیا جاتا رہا ہے جبکہ انھوں نے اپنی عمر کے بارہ برس صرف جیلوں میں گذارے۔
شیخ مصطفی کی شہادت کے اعلان کے ساتھ ہی ان کے آبائي علاقے عقابا میں آج عام سوگ اور عام ہڑتال کا اعلان کیا گيا۔
شہید شیخ مصطفی کے اہل خانہ اور لواحقین نے اس شہادت کو صیہونی ایذا رسانی اور طبی علاج کے فقدان کا نتیجہ قراردیا ہے۔