Jul ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۰:۵۴ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل صیہونی حکومت کو لگام دے: ریاض منصور

اقوام متحدہ میں فلسطینی اتھارٹی کے نمائندے نے امریکی کانگریس میں نسل کشی کرنے والی اسرائیلی حکومت کے وزیر اعظم کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی طرف سے صیہونی حکومت کو لگام دیئے جانے کا مطالبہ دہرایا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ میں فلسطینی اتھارٹی کے نمائندے ریاض منصور نے غزہ میں انسانی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے منعقد ہوئے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی پناہ گزیں ہر وقت ایسی ہجرت میں مصروف ہیں کہ جس کا ایک سرا جبر ہے اور دوسرا سرا اندھیر ہے۔
ریاض منصور نے کہا کہ سلامتی کونسل غزہ کی پٹی میں انسانی مصائب کو کم کرنے میں ناکام رہی ہے اور فوری جنگ بندی اس پٹی میں انسانی مسائل کو روکنے کے لیے پہلا قدم ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایسے وقت میں کہ جب سلامتی کونسل کو دسیوں ہزار فلسطینیوں کے قتل کی ذمہ دار صیہونی حکومت پر لگام کسنے کی ضرورت ہے، نسل کشی کرنے والی صیہونی حکومت کا وزیر اعظم نیتن یاہو امریکی کانگریس سے خطاب کر رہا ہے۔ فلسطینی نمائندے نے کہا کہ اقوام متحدہ کو غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی خوفناک جارحیت کا خاتمہ کرنا چاہیے جبکہ عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے کی کسی بھی شق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ٹیگس