اسرائیل نے اگر لبنان کے خلاف جارحیت کی تو وہ صفحہ ہستی سے مٹ جائيگا : حزب اللہ
لبنانی پارلیمنٹ میں حزب اللہ سے وابستہ دھڑے کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگر صیہونی حکومت نے لبنان کے خلاف وسیع جنگ کا فیصلہ کیا تو خود اپنے خاتمے کا اہتمام کرے گی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنانی پارلیمنٹ کے رکن محمد رعد نے جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں آیت اللہ شیخ عفیف نابلسی کی پہلی برسی سے خطاب میں غاصب صیہونی حکومت کو لبنان کے خلاف وسیع جنگ شروع کرنے کے انجام کی طرف سے خبردار کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ جنگ، علاقائی جنگ پر منتج ہوگی اورغاصب صیہونی حکومت کے خاتمے پر ختم ہوگی۔ لبنانی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کے رکن محمد رعد نے کہا کہ غزہ میں عوام کی دلیرانہ استقامت و پائیداری اور استقامتی محاذ کی جانب سے ان کی حمایت کے نتیجے میں صیہونی دشمن اپنے اہداف میں ناکام رہا ہے۔
لبنان کے وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب نے بھی کہا ہے کہ لبنان پر اسرائیلی حکومت کا وسیع حملہ علاقائی جنگ پر منتج ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ جیسا کہ سبھی کہہ رہے ہیں کہ جنگ صرف لبنان کے لئے ہی نہیں بلکہ سب کے لئے تباہ کن ہوگی بنابریں بہتر ہے کہ تحمل سے کام لیا جائے۔
لبنان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ بیروت نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ کشیدگی کے پیش نظر اسرائیلی حکومت سے کہے کہ تحمل سے کام لے ۔
عبداللہ بوحبیب نے اسی طرح شام کے مقبوضہ علاقے جولان کے مجدل نامی گاؤں میں ہونے والے حالیہ دھماکے کی تحقیق کے لئے بین الاقوامی کمیٹی کی تشکیل اور اس حوالے سے جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج کے تعاون کا مطالبہ کیا۔اس دھماکے کے بعد صیہونی حکام اور اسرائیلی میڈیا نے حزب اللہ لبنان پر اس کا الزام لگایا لیکن حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس دھماکے سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔