بنگلہ دیش: عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
صدر نے بنگلہ دیش کی 15 رکنی عبوری کابینہ سے حلف لیا، بنگلہ دیش میں 17 سال بعد عبوری حکومت بننے جا رہی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں حلف اٹھا لیا ہے، صدر محمد شہاب الدین نے 15 رکنی عبوری کابینہ سے حلف لیا، بنگلہ دیش میں 17 سال بعد عبوری حکومت بننے جا رہی ہے۔
بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے اعلان کیا تھا کہ عبوری حکومت کی تقریب حلف برداری جمعرات کی شام 8 بجے منعقد ہوگی۔
ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق بدھ کی سہ پہر آرمی ہیڈ کوارٹرز میں پریس بریفنگ کے دوران فوج کے سربراہ نے بتایا تھا کہ کابینہ ابتدائی طور پر 15 ارکان پر مشتمل ہوگی۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس جمعرات کی دوپہر ڈھاکہ پہنچے تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش واپسی سے ایک دن قبل محمد یونس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پُرسکون رہیں، ہر قسم کے تشدد سے دور رہیں۔ صبر کے ساتھ ملک کی تعمیر کے لیے تیار ہو جائیں۔ اگر ہم نے تشدد کا راستہ اختیار کیا تو ہر شے تباہ ہو جائے گی۔
بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج کے نتیجے میں پیر کو شیخ حسینہ واجد کے بطور وزیر اعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد محمد یونس عبوری حکومت کے سربراہ بن گئے ہیں۔
ادھر بنگلہ دیش کے اٹارنی جنرل امین الدین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ اکتوبر 2020 سے اس عہدے پر تھے۔