Aug ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۹:۱۱ Asia/Tehran
  • بنگلہ دیش میں وزیراعظم  کے بعد ججوں، جرنیلوں اور اہم عہدیداروں کے مستعفی ہونے کا سلسلہ جاری

بنگلہ دیش میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد، ان کے حامی رہنماؤں، ججوں اور جرنیلوں کے بعد مزید استعفوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: بنگلادیش کے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبید الحسن نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کے قانون، انصاف اور پارلیمانی امور کے مشیر پروفیسر آصف نذر نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبید الحسن کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا استعفیٰ وزارت قانون کو بھیجوا دیا گیا ہے، اسے بلا تاخیر صدرِ مملکت کو بھی بھجوا دیا جائے گا تاکہ ضروری اقدامات کئے جاسکیں۔

  واضح رہے کہ چیف جسٹس نے یہ فیصلہ مظاہرین طلبا کے ہائی کورٹ کے احاطے میں جمع ہونے کے بعد کیا ہے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس کو استعفیٰ دینے کے لیے ایک گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈھاکا میں سینکڑوں مظاہرین نے سپریم کورٹ کا گھیراؤ کر لیا تھا، انہوں نے استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں ججوں کی رہائش گاہوں پر دھاوا بولنے کا اعلان کیا تھا۔

بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کے حامیوں سے استعفے لئے جانے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے اور مرکزی بینک کے گورنر عبدالرؤف تالقدر اور ڈھاکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اے ایس ایم مقصود کمال بھی مستعفی ہو گئے۔

ٹیگس