غزہ میں انسانی المیہ، اسپتالوں کی سرگرمیاں 48 گھنٹوں بعد بند
غزہ کے المغازی کیمپ پر غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کی وحشیانہ جارحیت میں ایک بچہ سمیت تین فلسطینی شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ کے مختلف علاقوں پر مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے انتباہ دیا ہے کہ صیہونی حکومت کی ناکہ بندی اور ایندھن کے فقدان کی بنا پر غزہ کے اسپتالوں کی سرگرمیاں آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں بند ہو جائیں گی ۔
فلسطین کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ نتساریم کے علاقے پر صیہونی فوج کے قبضے کی وجہ سے غزہ کے لئے ایندھن اور دواؤں کی سپلائی بند ہو گئی ہے۔
دوسری جانب انتہا پسند صیہونیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطین کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق نور شمس کیمپ پر صیہونی فوج کے حملے میں پانچ فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ انتہا پسند صیہونی آبادکاروں نے غرب اردن میں بیت اللحم کے جنوب میں وادی راحل کے فلسطینیوں پر حملہ کیا ہے جس میں ایک فلسطینی شہید اور تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے بھی غرب اردن میں اذنا پر گولہ باری کی ہے جس میں دو فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔