Sep ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • حماس نے کی حزب اللہ کے دلیرانہ موقف کی قدردانی

حماس نے اپنے بیان میں بیروت کے جنوبی علاقے پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: حماس نے بیروت کے ضاحیہ جنوبی پر اسرائیلی حکومت کے فضائی حملے کو وحشیانہ جرم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم غزہ کے عوام کی حمایت پر حزب اللہ کو خراج عقیدت کرتے ہیں۔

تحریک حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیروت کے ضاحیہ جنوبی پر صیہونی حکومت کا فضائی حملہ اس کا نیا جرم ہے جو اس کے سلسلے وار جرائم کا حصہ ہے اور لبنان کے اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتا ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے اقدامات مجرمانہ ہیں اور عالمی برادری کو ان جرائم کو رکوانا اور ان کے مرتکبین کو سزا دینے کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات انجام دینا چاہیے۔

حماس نے اس بیان ميں کہا ہے کہ ہم لبنان کی استقامتی تحریک حزب اللہ کے اپنے بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اعلان اور ان کے دلیرانہ موقف کی قدردانی کرتے ہیں۔

حماس نے کہا ہے کہ ہم دینی، انسانی اور ملی اقدار پر حزب اللہ کے بھائیوں کے اصرار اور غزہ کے عوام کی حمایت جاری رکھنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فسطائی دشمن اپنے اہداف تک کبھی نہیں پہنچ سکتا اور اس خطے ميں صیہونی پروجکٹوں کی مکمل نابودی تک تحریک استقامت جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ جمعے کو بیروت کے ضاحیہ جنوبی پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں 22 افراد کے شہید اور 60 کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ شہید ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی بتائی گئی ہے۔

صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے ممکنہ طور پر دبے ہوئے لوگوں کی تلاش ابھی بھی جاری ہے بنابرین شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

 

ٹیگس