Sep ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۰ Asia/Tehran
  • لبنان: ملبہ ہٹانے کا کام تیسرے روز بھی جاری، شہداء کی تعداد45 ہو گئی

میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی بیروت کے ضاحیہ علاقے پر صیہونی حکومت کے حملے میں شہداء کی تعداد پینتالیس تک پہنچ گئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنان کی وزارت صحت کے ایمرجنسی شعبے نے اتوار کو بتایا کہ دو دن پہلے جنوبی بیروت کے ضاحیہ علاقے پر غاصب صیہونی حکومت کے شہداء کی تعداد پینتالیس ہو گئی ہے ۔ بیان میں اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ملبہ ہٹانے کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے کہا کہ پرائیویٹ سیکورٹی ایجنسیوں کے تعاون سے ان شہداء کے ڈی این اے کے لئے خون کے ٹیسٹ لینے کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔

صیہونی حکومت کی فوج نے جمعے کو جنوبی بیروت کے ضاحیہ علاقے پر حملے میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں حزب اللہ لبنان کے جہادی کمانڈر ابراہیم عقیل سمیت دسیوں لبنانی شہری شہید و زخمی ہوگئے تھے۔

صیہونی حکومت نے منگل اور بدھ کو لبنان میں ہزاروں پیجر ، واکی ٹاکی اور مواصلاتی وسائل میں دھماکا کر کے کم سے کم پینتالیس لبنانی شہریوں کو شہید اور چار ہزار کے قریب افراد کو زخمی کردیا تھا۔

دنیا کے مختلف ممالک اور اداروں نے لبنان میں ہونے والے حالیہ دھماکوں کی مذمت کی اور علاقے میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر تاکید کی ۔

حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے جمعرات کو اپنے خطاب میں زور دے کر کہا کہ صیہونی حکومت نے لبنان میں حالیہ دہشتگردانہ کارروائی کر کے تمام ریڈلائنز کو عبور کر دیا اور اسے اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی ۔

 

ٹیگس