صیہونی دشمن کی حزب اللہ کے مقابلے میں شکست یقینی ہے: سید عبدالملک حوثی
یمن کی تنظیم انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک حوثی نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کو حزب اللہ کے مقابلے میں یقینی طور پر شکست ہوگی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک حوثی نے جمعرات کے دن مختلف علاقائی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن لبنان میں کشیدگی بڑھانا چاہتا ہے اور وہ لبنان میں عام شہریوں کے قتل عام اور رہائشی مکانات کے انہدام پر مبنی اسی پالیسی پر عمل کر رہا ہے جس پر وہ غزہ پٹی میں عمل پیرا ہے۔ عبدالملک حوثی نے کہا کہ حزب اللہ نے جنگ کے آغاز سے ہی غزہ کی حمایت شروع کر دی تھی اور اس نے غزہ کی سب سے زیادہ حمایت کی ہے۔ صیہونی دشمن کے مقابلے میں حزب اللہ نے کلیدی اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ عبدالملک حوثی نے مزید کہا کہ جب حزب اللہ کے پاس خاص ہتھیار نہیں تھے تب بھی اس نے اسرائیل کو شکست سے دوچار کیا تھا اور اب حزب اللہ پہلے سے بہت زیادہ طاقتور ہے۔
انصاراللہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر زمینی حملہ کیا تو یقینی طور پر اسے سنہ 2006 کی نسبت زیادہ سنگین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جو مقبوضہ فلسطین کے تمام علاقوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ اس لئے دشمن کو کامیابی حاصل نہیں ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ حزب اللہ پوری طور منظم اور ماضی کی نسبت بہت زیادہ طاقتور ہے۔