حزب اللہ نے صیہونی حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی
حزب اللہ لبنان نے صیہونی جرائم کے جواب میں ایک بار پھر صیہونی حکومت کو میزائلی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس تحریک کے مجاہدین نے جمعے کو بھی غزہ پٹی میں فلسطینیوں کی حمایت اور لبنان میں عام شہریوں کے قتل کے جواب میں فاری ون میزائل سے شمالی مقبوضہ فلسطین میں واقع حیفا کی کریات آتا کالونی کو حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی حکومت کی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ حزب اللہ نے دس سے زیادہ میزائل حیفا پر فائر کئے ہيں ۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک میزائل حیفا کے قریب الکریوت علاقے پر بھی لگا ہے جس کے نتیجے میں عکا ، باشندوں سے خالی ہوگیا ہے۔
اس سے قبل صیہونی حکومت نے شبعا کالونی میں واقع ایک رہائشی مکان پر فضائی حملے میں نو لبنانی شہریوں کو شہید کردیا تھا- ارنا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے آج جمعے کے دن شبعا کالونی میں ایک گھر پر براہ راست بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
لبنان کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے گذشتہ رات کو انجام پانے والے حملوں میں بانوے لبنانی شہری شہید اور ایک سو ترپن دیگر زخمی ہوگئے ہيں ۔
حزب اللہ لبنان نے بھی اس کے جواب میں شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوجی اڈوں اور صیہونی کالونیوں کو نشانہ بنایا اور گذشتہ گھنٹوں کے دوران صیہونی اڈوں اور مراکز پر دسیوں میزائل فائر کئے۔
حزب اللہ کے حملوں کے باعث صیہونیوں پر خوف و وحشت طاری ہے یہاں تک کہ مقبوضہ شہر حیفا کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہيں اور صیہونی کالونیوں کے باشندوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پناہ گاہوں میں چلے جائيں۔