Oct ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۳ Asia/Tehran
  • کس کی حمایت سے غاصب اسرائیل نے جنگ کا دائرہ غزہ سے لبنان، یمن اور شام تک بڑھا دیا؟

غاصب اسرائیل جنگی جنون میں بے لگام ہو گیا، غزہ، لبنان اور یمن کے بعد شام کے دارالحکومت دمشق پر بھی فضائی حملہ کر دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: سنا نیوز ایجنسی کے مطابق دمشق پر اسرائیلی فضائی حملے میں معروف ٹی وی اینکر سمیت تین افراد شہید اور نو زخمی ہو گئے جبکہ نجی املاک کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔

سنا نیوز ایجنسی نے یہ بھی خبر دی ہے کہ شامی ٹی وی کی خاتون اینکر "صفا احمد"، دمشق کے نواحی علاقوں پر صہیونی حملوں کے نتیجے میں شہید ہو گئی ہیں۔

شامی وزرات دفاع کے مطابق اسرائیل نے طیاروں اور ڈرون کے ذریعے دمشق کو نشانہ بنایا۔ دفاعی نظام نے کئی میزائلوں اور ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

ادھر بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی خبر ہے۔ خبر رساں ذرائع نے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت نے بیروت کے جنوب میں ضاحیہ کے علاقے کو سات بار اپنے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت نے امریکہ کی ھمہ جانبہ حمایت سے پہلے غزہ پھر لبنان اس کے بعد یمن اور اب شام کے مختلف علاقوں پر ان ممالک کے مظلوم عوام کا قتل عام شروع کردیا ہے لیکن جہاں عالمی اداروں نے ڈرامائی خاموشی اختیار کی ہے وہیں اسلامی ممالک کے حکمرانوں نے بھی صرف مذمتی بیانات جاری کرنے اور اجلاس بلانے کے علاوہ اور کوئی عملی اقدام نہیں کیا ہے اور اسی بنا پر غاصب اسرائیل اس حد تک گستاخ ہو گیا ہے۔

ٹیگس