Oct ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۰:۵۲ Asia/Tehran

حزب اللہ کے ڈرون طیارے نے صہیونی حکومت کا جاسوسی اور دفاعی نظام ناکام بناتے ہوئے کامیابی کے ساتھ حساس تنصیبات کی فلمبندی کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: الجزیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے جاسوسی ڈرون نے صہیونی حکومت کی حساس دفاعی اور اقتصادی تنصیبات کی فلمبندی کی ہے۔
حزب اللہ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں جاسوس ڈرون "ہدہد" مقبوضہ علاقوں کے اندر جاکر صہیونی تنصیبات کی کامیابی کے ساتھ فلمبندی کررہا ہے۔
حزب اللہ کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو میں حیفا اور کرمل میں واقع صہیونی حکومت کی حساس اور اہم تنصیبات کی فوٹیج دکھائی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ویڈیو میں کریات ناحوم کا صنعتی علاقہ، حیفا کی آئل ریفائنری، کریات آتا کا صنعتی علاقہ، میشار کی آئل ریفائنری، حیفا میں واقع آئرن ڈوم سسٹم اور دیگر دفاعی تنصیبات کے مناظر بھی شامل ہیں۔
قابل توجہ بات یہ ہے کہ ویڈیو میں تمام تصاویر اور مناظر نہایت صاف اور شفاف ہیں جس سے ڈرون طیارے میں نصب کیمرے کی دقت اور صلاحیت کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ مقبوضہ علاقوں کی کئی منٹ تک کامیاب فلمبندی کے بعد طیارہ لبنان واپس آگیا۔

ٹیگس