Oct ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۰ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کے نئے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کون ہیں؟

شیخ نعیم قاسم 1974 سے 1988 تک اسلامی مذہبی تعلیمی انجمن کے سربراہ رہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ کے نئے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم 1953 میں لبنان کے علاقے کفرفیلہ کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے، انہوں نے دینی تعلیم آیت اللہ محمد حسین فضل اللہ سے حاصل کی اور لبنان کی یونیورسٹی سے کیمسٹری میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔

وہ مسلم طلبا یونین کے بانیوں میں سے ایک ہیں جو 1970 کی دہائی میں قائم ہوئی تھی، وہ امل موومنٹ میں اس وقت شامل ہوئے جب اس کے سربراہ امام موسیٰ صدر تھے۔

شیخ نعیم قاسم 1974 سے 1988 تک اسلامی مذہبی تعلیمی انجمن کے سربراہ رہے۔ انہوں نے المصطفیٰ اسکولوں کے مشیرکے طور پر بھی خدمات انجام دیں، بعدازاں شیخ نعیم قاسم نے حزب اللہ کی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور 1992 میں حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مقرر ہوئے اور سید حسن نصراللہ کی شہادت تک ان کے ساتھ استقامتی محاذ کی سرگرمیوں میں شریک رہے۔

واضح رہے کہ سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ کو غاصب صیہونی حکومت نے 28 ستمبر کو بیروت میں شدید بمباری کرکے شہید کردیا تھا۔

امریکی سینیٹر مارک کیلی نے اس شدید بمباری پر انکشاف کیا کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے حملوں میں استعمال ہونے والا گائیڈڈ بم امریکی ساختہ تھا، جس کا وزن 900 کلوگرام تھا اور یہ مارک ایٹی فورسیریز کا تھا۔ یہ بم واشنگٹن نے اسرائیل کو فراہم کیا تھا اور اسی بمباری کے نتیجے میں حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ شہید ہو گئے تھے۔

ٹیگس