پناہ گزینوں کی خیمہ بستی پر صیہونی دہشتگردوں کی شدید بمباری، ہر طرف لاشیں ہی لاشیں
غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی دہشتگردوں کی اندھا دھند بمباری میں مزید ایک سو ساٹھ سے زائد فلسطینی شہید و زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی دہشتگردوں نے غزہ کے مشرقی، مرکزی اور جنوبی سمیت مختلف علاقوں پر اندھادھند بمباری کی جس میں کم از کم ایک سو باسٹھ فلسطینی شہید و زخمی ہو گئے۔
صیہونی دہشتگردوں نے ایک بار پھر فلسطینی پناہ گزینوں کے عارضی کیمپ میں تبدیل ہو چکے فہد الصباح نامی ایک اسکول پر بمباری کی جس میں پانچ عام شہریوں کے شہید ہونے کی خبر ہے۔ صیہونی جنگی طیاروں نے اسی طرح مرکزی غزہ کے البریج پناہ گزیں کیمپ کے شمال میں ابوجحیر نامی ایک علاقے کو نشانہ بنایا۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی دہشتگردوں نے غزہ کے جنوب میں لگی پناہ گزینوں کی خیمہ بستی پر بھی بمباری کی جس میں متعدد فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں صیہونی دہشتگردی میں شہید و زخمی ہونے والوں کی تعداد اب تینتالیس ہزار پانچ سو سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ایک لاکھ دو ہزار چھے سو چوراسی فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔