دنیا بھر کے انصاف پسند لوگوں سے حماس کی خاص اپیل
حماس نے دنیا بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ غزہ میں نسل کشی اور اس پٹی کے شمالی علاقوں کے شدید محاصرے کے خلاف اپنی تحریکوں میں شدت لائیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: موصولہ اطلاعات کے مطابق فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں تمام اقوام، عرب اور اسلامی امہ اور دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ درپیش یوم جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مظاہروں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں۔
حماس کے بیان میں آیا ہے کہ صیہونیوں کے حامی ممالک میں غاصب اسرائیلیوں کے سفارتی مراکز کو محاصرے میں لیں اور امریکہ، برطانیہ اور جرمنی اور ان حمایت یافتہ صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینی عوام کی نسل کشی اور انہیں قحط میں مبتلا کرنے کی سازش کے خلاف آواز اٹھائیں۔
حماس نے زور دیکر کہا ہے کہ غزہ میں موجود فلسطینیوں کو ایک سال سے بھوکا رکھا گیا ہے اور ان کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور ایسی حالت میں ہر ایک کا فرض ہے کہ فلسطین کے مظلوموں کے لیے آواز بلند کرے اور نسل کشی کو روکنے کی بھرپور کوشش کرے۔