جارح اسرائیل کواقوام متحدہ سے نکالا جائے: ملائیشیا کا مطالبہ
ملائیشیا کے وزیراعظم نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ کے عوام کی جاری نسل کشی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس جارح حکومت کو اقوام متحدہ سے نکالے جانے کے لئے رکن ممالک کے درمیان اتفاق رائے کا مطالبہ کیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے اور ہم بین الاقوامی فورمز پر فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔
انور ابراہیم نے عام شہریوں اور اسپتالوں پر بمباری جیسے صیہونی حکومت کے انسانیت سوز جرائم کے تسلسل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بین الاقوامی عدالت انصاف کو درخواست بھیجی ہے کہ وہ غزہ کے جرائم کے بارے میں اسرائیل کو جوابدہ قرار دے۔
اس سے پہلے بھی انورابراہیم نے اپنے دورہ مصر میں اس ملک کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کے دوران بین الاقوامی امداد کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے اسرائیل کے اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ اگر کوئی حکومت اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسترد کرتی ہے تو اس کا واحد حل اسے اقوام متحدہ سے اسے بے دخل کرنا ہے۔