حزب اللہ کے ہاتھوں لبنانی سرحد پر 6 صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی
صیہونی حکومت کے ذرائع نے لبنان کے محاذ پر اسرائيل کے ایک فوجی کی ہلاکت اور پانچ دیگر کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی ذرائع کا کہنا ہے کہ لبنان کی سرحدوں کے قریب اسرائیلی فوج کے لئے سیکورٹی کا بہت سخت واقعہ پیش آیا ہے اور ایک فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے جن میں دو کی حالت نازک بنی ہوئی ہے جبکہ جھڑپوں والے علاقوں سے اسرائیلی فوجیوں کو واپس بلالیا گیا۔
حزب اللہ لبنان نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی چھاتا بردار فوجی تربیتی کیمپ پر میزائل حملہ کیا جس میں صیہونی فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچا۔ لبنان کی تحریک استقامت نے پھر مقبوضہ صفد کو بھی میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔
حزب اللہ لبنان نے المطلہ اور فاربلوم صیہونی فوجی مراکز پر بھی میزائل حملے کئے۔ صیہونی پریس ذرائع نے بھی اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ کے حملوں کے بعد نتانیا، کفر سابا اور تل ابیب کے شمالی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔