Nov ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۱ Asia/Tehran
  • غزہ پرصیہونی جارحیت جاری، متعدد فلسطینی شہید و زخمی

غزہ میں صیہونی حکومت کے حملوں کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے البریج کیمپ اور اسی طرح مشرقی رفح کے الجنینہ علاقے اور جنوبی غزہ کے علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئےصیہونی فوج نے غزہ کے الشجاعیہ علاقے پر بھی بمباری کی جس میں آٹھ فلسطینی شہید ہوگئے۔

صیہونی توپخانے نے مرکزی غزہ کے النصیرات کیمپ اوراسی طرح جنوبی غزہ کے علاقے رفح پر گولہ باری کی ہے۔

دوسری جانب صیہونی حکومت کے ڈرونز نے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع بیت لاہیا میں کمال عدوان اسپتال کے جنریٹرز پر بم گرائے جس سے اسپتال کے طبی عملے کے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے اس حوالے سے کہا ہے کہ قابض فوج شمالی غزہ کے علاقے کو اس کے مکینوں سے خالی کرانے اور طبی نظام بالخصوص کمال عدوان اسپتال کو تباہ کرنے کے لیے طبی عملے کو نشانہ بنا رہی ہے۔

واضح رہے کہ جارح صیہونی حکومت نے سات اکتوبر دو ہزار تیئیس سے غزہ کی پٹی کے خلاف تباہ کن جنگ شروع کر رکھی ہے، اس دوران اس پٹی کے بیشتر مکانات اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے، اور اس علاقے کو بدترین محاصرے اور شدید انسانی بحران کا سامنا ہے۔

غیر معمولی قحط اور بھوک کے ساتھ ساتھ یہ علاقہ سنگین خطرات سے دوچار ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق سات اکتوبر دوہزار تیئیس سے اس علاقے کے خلاف جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں شہداء کی تعداد چوالیس ہزار چھپن اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ چار ہزار دوسو اڑسٹھ تک پہنچ گئی ہے۔

ٹیگس