Dec ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • شام میں پھنسے پاکستانی زائرین کے انخلا کا مسئلہ

پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے لبنانی ہم منصب نجیب میقاتی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ان سے شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ان سے شام پھنسے پاکستانیوں کے انخلا میں تعاون کی درخواست کی ہے جس پر لبنانی ہم منصب نے پاکستانیوں کے انخلا میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے لبنانی ہم منصب سے کہا کہ شام میں تین سو زائرین سمیت اس وقت چھ سو سے زائد پاکستانی موجود ہیں جن کا انخلا صرف لبنان کے راستے ہی ممکن ہے، کیونکہ شام کے تمام ایئرپورٹ بند ہیں۔

شہبازشریف نے نجیب میقاتی سے گفتگو میں لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اورلبنان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے لبنان کے لیے جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے لیے بھی اسی طرح کے جنگ بندی معاہدے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مشکل وقت میں لبنان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے اسرائیل کی فوجی جارحیت پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پرپاکستان کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ لبنان شام سے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی میں ہر ممکن مدد کرے گا۔

اس سے قبل پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ شام کے بارے میں اسلام آباد کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور ہم شام کی وحدت، اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کی حمایت کرتے ہیں۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں پاکستانی شہری محفوظ ہیں اورپاکستانی  سفارت خانہ زیارت کے لئے شام جانے والے پاکستانی شہریوں سے رابطے میں ہے اور ایئرپورٹ کھلتے ہی ان کی واپسی کا انتظام کیا جائے گا۔

ٹیگس