ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے موقع پر بھی فلسطین و یمن پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت
ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے موقع پر بھی فلسطین و یمن پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے دوران کئی افراد شہید و زخمی ہوئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: مصر کے وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ قاہرہ میں ڈی ایٹ کے سربراہی اجلاس کے موقع پر جمعرات کی شام لبنان اور فلسطین پر بھی ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ بدر عبدالعاطی نے بتایا ہے کہ ڈی ایٹ کے موقع پر لبنان اور فلسطین میں حالات کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کی شام ایک خصوصی اجلاس منعقد کئے جانے کا پروگرام ہے۔
اسلامی ملکوں کی تنظیم ڈی ایٹ ایسے عالم میں لبنان و فلسطین کے حالات پر تبادلہ خیال کا پروگرام بنا رہی ہے کہ جب صیہونی حکومت کی جارحیت اور جرائم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے آج صبح یمن کے دارالحکومت صنعا اور صوبہ الحدیدہ کے بعض علاقوں اور اسی طرح یمن کے بنیادی ڈھانچوں منجملہ بجلی گھروں اور راس العیسی و الحدیدہ بندرگاہ میں ایندھن کے ذخائر پر جارح صیہونی حکومت نے وحشیانہ حملہ کیا ۔
یمنی میڈیا ذرائع کے مطابق صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں میں کم سے کم بارہ یمنی شہری شہید ہوئے ہيں۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے جمعرات کی صبح غرب اردن کے مختلف علاقوں پر جارحیت جاری رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جن میں کئی ایسے نوجوان ہيں جو صیہونی جیل سے رہا ہوئے تھے۔
صیہونی فوجیوں نے نابلس میں عسکر جدید پناہ گزیں کیمپ پر دھاوا بول کر پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا جبکہ الخلیل میں بھی صیہونی فوجیوں نے بیت عوا علاقے میں گھس کر کم سے کم پچاس فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا جن میں سے اکثر رہا ہونے والے قیدی تھے۔ اسی طرح شمالی الخلیل کے حلحول علاقے میں صیہونی فوجیوں نے نبی ایوب مسجد کے امام جماعت شیخ احسان کراجہ اور ان کے بیٹے کو ان کے گھر پر حملہ کرکے گرفتار کر لیا۔