صیہونی حکومت کی مذمت
انصار اللہ یمن کے سربراہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت چاہتی ہے کہ علاقائی ممالک اس کی جارحیت پر خاموش تماشائی بنے رہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے گزشتہ شب اپنی تقریر میں شام پر صیہونی فوج کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت چاہتی ہے کہ خطے کے تمام ممالک اس کی جارحیت پر خاموش تماشائی بنے رہیں۔ سید عبدالملک الحوثی نے مزید کہا کہ مغربی ممالک نے صیہونی حکومت کو ہر قسم کے ہتھیار اور قتل و غارت گری کے آلات فراہم کیے ہیں اور یہ حکومت چار سو چالیس دنوں سے غزہ میں امریکہ کی شراکت سے قتل عام اور فلسطینیوں پر امریکی بم گرا رہی ہے۔انہوں نے شام پر صیہونی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ حملہ آوروں نے شامی فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا جو اس ملک کے تمام شہریوں سے تعلق رکھتی ہیں اور یہ ایسے حالات میں ہے جب شامی عوام کو غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ان سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے مسلمانوں نے صیہونی حکومت کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور بعض حکومتیں بھی صیہونی دشمن کے ساتھ مل گئی ہیں، جو صیہونی دشمن کی کئی ممالک پر حملے کی گستاخی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔انہوں نے یمن پر امریکہ و صیہونی حکومت کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کے حملے جیسے بھی ہوں ہم فلسطین کی حمایت کے اپنے موقف سے پیچھے نہيں ہٹیں گے۔
در ایں اثنا یمن کے مختلف شہروں میں گزشتہ جمعوں کی طرح آج بھی زبردست مظاہرے کئے گئے اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعلان کیا گيا ۔المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صعدہ، مارب ، ریمہ صوبوں سمیت مختلف علاقوں میں فلسطینیوں اور ان کی مزاحمت کی حمایت میں زبردست مظاہرے کئے گئے۔