صیہونی حکومت کی جارحیت میں فلسطینی شہدا کی تعداد 47 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے
فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں صیہونی جارحیت میں شہداء و زخمیوں کی تعداد کے بارے میں تازہ رپورٹ شائع کی ہے اور اس کے مطابق شہیدوں کی تعداد سینتالیس ہزار سے بڑھ گئي ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ پٹی کے خلاف صیہونی جارحیت کے دوران سات اکتوبر سے اب تک زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ دس ہزار بتائي گئی ہے جبکہ ہزاروں لوگ لاپتہ اور ملبوں تلے دبے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ پٹی میں رہنے والے اکیس لاکھ لوگوں میں سے نوے فیصد باشندے ، صیہونی فوج کی بمباری کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہيں۔
غزہ پٹی میں بے پناہ لوگوں کی تعداد بھی اٹھارہ لاکھ تک پہنچ چکی ہے جنہيں فی الحال پناہ گاہ اور بنیادی وسائل کی شدید ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ سے وابستہ امدادی اداروں کی رپورٹوں کے مطابق غزہ پٹی میں تقریبا چار لاکھ چھتیس ہزار گھر، پوری طرح سے تباہ ہو گئے ہيں یا پھر انہيں نقصان پہنچا ہے اور یہ تعداد اس علاقے میں موجود کل گھروں کا بانوے فیصد حصہ ہے۔
اسی طرح دو لاکھ چھہتر ہزار گھروں کو متوسط طور پر یا بری طرح سے نقصان پہنچا ہے اور ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد گھر پوری طرح سے زمین بوس ہو گئے ہيں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ پٹی کے پچانوے فیصد سے زائد اسکول اور یونیورسیٹاں اس وحشیانہ جنگ کی وجہ سے تباہ ہو گئی ہیں اور غزہ پٹی میں پانی کی سپلائی اور سیوریج کا نظام بھی ستّر فیصد سے زائد تباہ ہو چکا ہے۔
غزہ کی جنگ میں اسپتال اور طبی شعبوں میں کام کرنے والے ایک ہزار سے زائد اہل کار شہید ہو چکے ہيں اور جنگ سے پہلے غزہ پٹی میں چلنے والے چھتیس اسپتالوں میں سے اب صرف اٹھارہ اسپتال ہی استعمال کے لائق ہيں اور بقیہ اسپتالوں میں کام پوری طرح سے بند ہو چکا ہے۔