حماس کے رہنماؤں نے جام شہادت نوش کیا ہے: حازم قاسم
حماس کے رہنماؤں کو ٹارگٹ بنا کر قتل نہیں کیا گیا، بلکہ انہوں نے دشمن سے جنگ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے، یہ بات تحریک حماس کے ترجمان نے زور دے کر کہی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اپنے تازہ ترین بیان میں اس بات پر زور دیا کہ تحریک حماس کے شہید ہونے والے سبھی رہنماؤں اور مجاہدین نے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران بڑے بڑے کارنامے انجام دئے اور انہیں ٹارگٹ بنا کر قتل نہیں کیا گیا بلکہ وہ صیہونی دشمن سے جہاد کرتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے بعد جب ماہرین نے شہیدوں کی پہچان کر لی، تبھی ان کی شہادت کی خبر کا اعلان کیا گیا۔ حماس کے ترجمان نے کہا کہ رہنماؤں اور کمانڈروں کی شہادت کے بعد میدانی سطح پر مزاحمتی اور استقامتی کارروائیوں کا سلسلہ بلا وقفہ جاری رہا اور جنگ بندی سے قبل آخری مرحلے تک فلسطینی مزاحمت نے اپنی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے تحریک حماس کی صورتحال پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمانڈروں کی شہادت سے جو نقصان اس تحریک کو پہنچا ہے، اُس کی بھرپائی کی جا سکتی ہے۔ حماس کے رہنما نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ جب تک صیہونی حکومت معاہدے کی پابند رہے گی، تحریک حماس بھی اُسی وقت تک معاہدے اور اس کی شقوں کی پابندی کرے گی۔