مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر دہشت گرد اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری
مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر جارح صیہونی فوج کے حملے آج بھی جاری رہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی افواج شمالی مغربی کنارے کے شہروں اور کیمپوں پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور آج اتوار کی صبح جارحین نے "قلقیلیہ الجدیدہ" شہر پر دھاوا بول دیا۔اس کے ساتھ ساتھ قابضین نے جنین شہر اور اس کے کیمپ میں بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے، اور اطلاعات ہیں کہ اسرائیل فوج کی جانب سے جنین اورطولکرم شہروں سمیت شمال مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں مستقل فوجی مراکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔

دوسری جانب صیہونی فوج نے الخلیل شہر اور اس کی بستیوں اور کیمپوں کے داخلی راستے کو آہنی رکاوٹوں سے بند کر دیا ہے اور اس کے پرانے حصے میں جارحانہ کارروائیاں تیز کر دی ہيں۔ انہوں نے الخلیل کے مغرب میں واقع اذنا ٹاؤن پر چھاپہ مارکر گھروں کی تلاشی لی اور وارننگ نوٹس تقسیم کیے، اور فلسطینیوں کو دیوار حائل کے قریب آنے سے خبردار کیا۔

اسی دوران فلسطینی میڈیا نے بتایا کہ شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین کے مضافات میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ قابض فوج نے وسطی مغربی کنارے میں رام اللہ کے شمال میں الجلزون کیمپ پر بھی دھاوا بولا اور فلسطینیوں کے گھروں پر آنسو گیس کے گولے داغے۔