Feb ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
  • شہید سید حسن نصر اللہ ایک مثالی اسلامی رہنما تھے: یاسر الحوری

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سکریٹری نے کہا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے شہید سید حسن نصر اللہ ایک مثالی اسلامی رہنما اور ایک بااثر علاقائی اور عالمی شخصیت تھے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سیکریٹری یاسر الحوری نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ شہید سید حسن نصر اللہ ایک منفرد اسلامی شخصیت ، ایک بہادر اور دلیر رہنما تھے اور اسلامی اور عرب امت اور جہاد و مزاحمت کا محور ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گیا۔ یاسر الحوری نے کہا کہ حزب اللہ کی فورسز اور امت اسلامیہ کے جوان بغیر کسی ہچکچاہٹ کے، امت اسلامیہ کے عظیم شہید سید حسن نصر اللہ کے عظیم راستے پر گامزن رہیں گے اور تاریخ کے اوراق میں عظیم فتوحات درج کریں گے۔ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سکریٹری نے مزید کہا کہ لبنان کی اسلامی مزاحمت نے سید حسن نصر اللہ کی قیادت میں میدان جنگ میں جہاد و مجاہدت کے ساتھ ساتھ، ملت اسلامیہ میں بیداری پیدا کی اور انہیں حقیقی دشمن سے روشناس کرایا اور اس طرح خطے میں دشمن اور اس کے کرائے کے قاتلوں کی سازشوں کو بڑی حد تک شکست سے دوچار کیا- یمن کے وزیر اعظم الرھوی نے بھی کہا ہے کہ حزب اللہ نے صہیونی دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا اور اس کی ناک زمین پر رگڑ دی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی تحریک حزب اللہ نے اپنے کمانڈروں اور لیڈروں کی قربانیاں پیش کی ہیں مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج حزب اللہ ایک علاقائی طاقت بن چکی ہے جو تمام مظلوموں خصوصاً فلسطینی عوام کی مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملت اسلامیہ اور اسلام و انسانیت کے شہید، سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین آزادی، حق کے دفاع اور باطل کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں۔ یمنی وزیر اعظم نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ وہ پہلے فریق تھے جنہوں نے یمن پر سعودی امریکی اتحاد کی جارحیت کے دوران یمن کی حمایت کی۔انہوں نے لبنانیوں اور حزب اللہ کے حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یقین رکھیں کہ شہید نصر اللہ اور شہید صفی الدین کا خون ، آپ کو طوفانوں کا مقابلہ کرنے کی مزید طاقت دے گا اور آپ ان واقعات پر آسانی سے قابو پا لیں گے-

 

ٹیگس