شہید سید ہاشم صفی الدین کی تشییع جنازہ
حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے مرحوم سربراہ شہید سید ہاشم صفی الدین کی تشییع جنازہ اور تدفین کا عمل دیر قانون النہر میں انجام پا رہا ہے جس میں لبنانی عوام اور حکام کی بڑی تعداد شریک ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: سید ہاشم صفی الدین کا جسد خاکی گذشتہ روز لبنان کے دارالحکومت بیروت میں تشییع کے بعد ان کے آبائی شہر جنوبی لبنان کے علاقے صور میں واقع گاؤں "دیر قانون النہر" میں تدفین کے لیے منتقل کیا گیا۔ شہداء سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ اتوار کو بیروت میں ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ شہید صفی الدین کی تشییع جنازہ دیر قانون النہر میں حسینہ سید الشہداء میں شروع ہوئی جہاں سوگواروں نے مزاحمتی محاذ کے اس عظیم شہید کے جسد خاکی کو الوداع کیا۔تشییع جنازہ میں بعض شرکاء نے حزب اللہ، ایران، عراق اور لبنان کے پرچموں کے ساتھ ساتھ شہداء سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ شہید صفی الدین کی نماز جنازہ میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کی طرف سے بھیجے گئے نمائندے موجود تھے۔ لبنانی حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شہید سید حسن نصر اللہ ستائیس اکتوبر دوہزار چوبیس بروز جمعہ کو اور شہید سید ہاشم صفی الدین، حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین، چار اکتوبر دوہزار چوبیس کو بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر اسرائیلی حکومت کے فضائی حملے کے دوران شہید ہوئے۔