استقامت مزید مضبوط ہو رہی ہے؛ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے خطے میں امریکی سازشوں کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف استقامت مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مہر خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے یوم القدس کے موقع پر صنعا اور دیگر صوبوں میں یمنی عوام کی ریلیوں میں کی جانے والی بھرپور شرکت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کی فلسطین اور اسلامی مقدسات کی حمایت میں پرجوش شرکت مسلم اقوام کے لیے مثالی نمونہ ہے۔الحوثی نے مزید کہا کہ ہماری قوم کا فلسطین کے حوالے سے مؤقف مکمل واضح اور جامع ہے، جو ہر میدان اور ہر سطح پر نمایاں طور پر ظاہر ہوتا ہے۔ انصاراللہ کے رہنما نے یمنی عوام کی مزاحمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم نے تمام تر دباؤ اور ظلم کے خلاف استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے جہاد کے راستے میں بڑے قدم اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کی ریلیوں میں وسیع شرکت امریکہ کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ یہ پورے یمن کے تمام طبقات کی مشترکہ آواز ہے۔ الحوثی نے امریکہ کی حالیہ سفارتی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنی سفارتی سازشوں کے ذریعے فلسطین کو مکمل طور پر تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ خطے میں اسرائیل کے خلاف ہر ممکن مزاحمت کو ختم کرنے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔
الحوثی نے ایران، عراق، اور لبنان جیسے فلسطین کے حامی ممالک پر امریکی دباؤ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں اسلامی مزاحمت اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کر رہی ہے۔انہوں نے اسرائیل کے شام پر حملوں پر عالمی برادری کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
الحوثی نے کہا کہ امریکہ ایک طرف اسرائیل کے غزہ میں جنگی جرائم کی کھل کر حمایت کررہا ہے اور دوسری جانب یمن میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ اور یہ سب عالمی برادری کی خاموشی کے تحت ہو رہا ہے۔