اگر آپ عید منا رہے ہیں تو یہ خبر ضرور پڑھیں، عید کے نئے کپڑے پہنے غزہ کے معصوم بچوں پر دہشتگرد اسرائیل کی وحشیانہ بمباری
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ جارح اسرائیلی فوج نے عیدالفطر کے پورے دن غزہ کے عوام کو قتل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس عید کا کوئی احترام نہیں کیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مہاجرین کے کیمپوں میں عید کے موقع پر بچوں کا قتل عام ، قابض حکومت کے فاشسٹ ہونے اور اس کے ہر طرح کے انسانی اور اخلاقی اقدار سے عاری ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔یاد رہے کہ فلسطین میں عید الفطر کے پہلے روز اتوار کو صیہونی حکومت نے تیرہ بچوں سمیت تینتیس فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ تحریک حماس نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے عید الفطر کے دن کا احترام کیے بغیر اس دن بھی غزہ میں فلسطینی عوام پر دہشت گردانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔

حماس نے مزید کہا کہ عید الفطر کے پہلے دن ہونے والے ان دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں درجنوں افراد کی شہادت ہوئی، جن میں عید کے کپڑے پہنے ہوئے بہت سے بچے بھی شامل تھے۔ حماس نے مزید کہا کہ جو چیز صیہونی حکومت کے جنگی مجرم وزیر اعظم کو اپنے جرائم کو جاری رکھنے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرنے کی ترغیب دیتی ہے وہ عالمی برادری کی بے حسی، ناتوانی اور اس کی شرمناک خاموشی ہے۔

حماس نے دنیا کی آزاد اقوام سے مطالبہ کیا کہ وہ مظاہروں اور مختلف اقدامات کے ذریعے حکومتوں کو غزہ اور مغربی کنارے کے خلاف جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدام کرنے پر مجبور کریں-حماس نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے خلاف جارحیت روکنے اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد دوبارہ شروع کرنے کے لیے اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالے۔