Apr ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  • غزہ پٹی پر صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں شدت

صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دورہ امریکہ کے موقع پر غزہ پر صیہونی حملوں میں شدت آگئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: العربی الجدید نیوز ایجنسی نے پیر کے روز غزہ پٹی کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ غزہ میں جاری قتل و غارت اور محاصرے میں شدت کی وجہ سے انسانی بحران شدید سے شدید تر ہو رہا ہے۔ اس دوران قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو جبری انخلاء کا حکم دیا ہے ۔ صیہونی حکومت نے غزہ کے مغربی علاقے دیرالبلح میں فوجی حملے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں فلسطینی ذرائع نے دیرالبلح شہر کے مغرب میں ایک رہائشی مکان پر بمباری نیز شہداء الاقصیٰ اسپتال کے اندر ایک کیمپ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملے میں متعدد فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس کے قریب صحافیوں کے خیمے پر بمباری کی بھی خبر دی ہے ۔اس بمباری میں دو صحافی شہید اور نو زخمی ہوئے ہیں۔ اس حملے کے حوالے سے ایک صحافی کے کیمرے سے بنائی گئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں ایک صحافی کو آگ میں جلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔جنوبی غزہ کے علاقے رفح پر بھی اسرائیلی جنگی طیاروں کے شدید حملے ہوئے ہیں۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق اسرائیلی آرٹلری یونٹ نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں واقع الزیتون محلے کے مشرقی علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔ دراین اثنا فلسطینی ذرائع نے غزہ پٹی پر گزشتہ روز ہونے والے حملوں میں کم از کم 40 فلسطینی شہریوں کی شہادت کی اطلاع دی ہے۔ نیتن یاہو کے دورہ واشنگٹن کے موقع پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یاد رہے نیتن یاہو جلد ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

ٹیگس