Apr ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونی جارحیت کے خلاف عالم اسلام سراپا احتجاج

غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی بارہا خلاف ورزیوں اور اس حکومت کے مسلسل جرائم اور غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں جمعہ کے روز دنیا کے کئی ممالک میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں من جملہ قم، مشہد مقدس اوراصفہان کے عوام نے نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل کرصیہونی حکومت کے جرائم اور غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف احتجاج کیا اور امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور صہیونیوں اور ان کے حامیوں کے جرائم پر اپنے غم و غصے اور نفرت و بیزاری کا بھی اظہار کیا۔

مظاہرے کے اختتام پر مظاہرین نے یوم القدس کی ریلیوں میں لاکھوں ایرانیوں کی شرکت اور فلسطینی عوام کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم صیہونی حکومت کے مظالم اور جرائم کے خلاف اپنی نفرت و بیزاری کا مظاہرہ کرنے کے لئے  ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے ہیں تاکہ غزہ میں گذشتہ 12 دنوں کے دوران غاصب صیہونی حکومت کے غیر انسانی اقدامات اور ہزاروں بچوں کے قتل عام کی مذمت کریں۔

تہران کے عوام نے جمعرات کی رات بھی فلسطین اسکوائر میں اجتماع کرکے زبردست احتجاج کیا اور صیہونی جرائم کی مذمت کی۔ اس احتجاجی اجتماع میں مزاحمتی محاذ کی حمایت میں رزمیہ اور انقلابی ترانے پڑھے گئے۔

دوسری جانب یمن کے دارالحکومت صنعا میں بھی ہر ہفتے کی طرح اس جمعہ کو بھی لاکھوں یمنی عوام امریکی بمباری کے باوجود اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد و حمایت اور اسرائیل کی جاری جارحیت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کا۔ لاکھوں یمنیوں نے جن کے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور پلے کارڈ تھے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ جبکہ پاکستان میں بھی مختلف سیاسی اور مذھبی جماعتوں کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں اور غزہ پر فوری طور پر صیہونی جارحیت روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔     

جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے باہر غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ کا قتلِ عام جاری ہے، صیہونی طاقتیں غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں۔ ڈیڑھ سال کے دوران  60 ہزار سے زائد افراد کو شہید کیا جاچکا ہے، غزہ کا 90 فیصد انفراسٹرکچر بدترین بمباری سے تباہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری مسلم اُمہ او آئی سی کی جانب دیکھ رہی ہے، فلسطین سے ہمارا ایمانی اور روحانی رشتہ ہے، یہ صرف عرب کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں، بزرگوں، نوجوانوں اور خواتین کے ساتھ اتوار13 اپریل کو غزہ مارچ میں شرکت کریں۔

ٹیگس