Jul ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • غزہ کے عوام کو صرف دعا اور اسرائیل کو دے رہے ہیں غذا، ایندھن، فولاد اور لوہے، ترک رکن پارلیمنٹ کا حیرت انگیز انکشاف

ترکیہ کے رکن پارلیمنٹ نے اپنے ملک کے صدر رجب طیب اردوگان کی منافقت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے لئے صرف دعا کرنے والی حکومت اسرائیل کے لیے غذا، ایندھن اور دیگر ضروریات کی چیزیں بھیج رہی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترک پارلیمان کے ایک رکن نے ترکیہ کے صدر اردوگان کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے مقابلے میں ترکی کے عملی کردار پر سوالات اٹھائے ہیں۔ پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے مذکورہ رکن نے کہا کہ آج یہاں غزہ کے لیے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا، مگر حقیقت یہ ہے کہ جن اسرائیلی پائلٹس نے غزہ کو بمباری کا نشانہ بنایا، وہ قونیہ میں تربیت یافتہ ہیں۔

ترک رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کے لیے ایندھن اسکندرون بندرگاہ سے جاتا ہے، ان کے فوجیوں کی خوراک آلانیا سے فراہم کی جاتی ہے اور پانی ماناوگات سے آتا ہے۔ ترکی اور اسرائیل کے درمیان تجارتی تعلقات بدستور قائم ہیں، اور ان میں سب سے نمایاں فولاد اور لوہے کی تجارت ہے۔

ترک رکن نے انکشاف کیا کہ بعض ہتھیار بھی بالواسطہ طور پر ترکی سے اسرائیل کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ہم یوکرائن اور آذربائیجان کو ڈرونز فراہم کرتے ہیں، لیکن فلسطین کے لیے صرف دعاؤں پر اکتفا کرتے ہیں۔

اس بیان نے ترکی کے سیاسی حلقوں اور عوام میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں حکومت کے اسرائیل سے جاری تجارتی تعلقات اور دوغلی پالیسیوں پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب غزہ بدترین انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔

 

ٹیگس