اسلامی ممالک غزہ میں عظیم انسانی آفت کو جاری رکھنے کی اجازت نہ دیں؛ آیت اللہ العظمی سیستانی کا پیغام
آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی نے غزہ کے المناک حالات کے تعلق سے مسلمین عالم کے نام ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: آیت اللہ سیستانی نے اس پیغام میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے مظلوم فلسطینی عوام ان دنوں انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں، خاص طور پر خوراک کی شدید قلت کی وجہ سے وہاں بڑے پیمانے پر قحط جاری ہے جس سے بچے، بیمار اور بوڑھے بھی محفوظ نہیں ہیں۔ آیت اللہ سیستانی نے اس پیغام میں کہا ہے کہ توقع ہے کہ دنیا کے تمام ممالک بالخصوص عرب اور اسلامی ممالک اس عظیم انسانی آفت کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اس کے خاتمے کے لیے اپنی تمام کوششوں کو بروے کار لائیں گے۔ پیغام میں آیا ہے کہ بے گناہ شہریوں تک خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء جلد سے جلد پہنچانے کے لیے کوششوں میں سرعت لانے کی اشد ضرورت ہے۔
غزہ کی پٹی میں بڑے پیمانے پر قحط کی ہولناک تصاویر، جو میڈیا کے ذریعے نشر کی جا رہی ہیں، کسی بھی با ضمیر انسان کو سکون سے کھانے پینے کی اجازت نہیں دیتیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جس طرح امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام نے اسلامی سرزمین میں ایک عورت پر حملہ کے بارے میں کہا تھا کہ اگر اس واقعے کے بعد کوئی مسلمان غم سے مر جائے تو اس پر کوئی الزام نہیں ہے، بلکہ میرے خیال میں وہ ایسی موت کا مستحق ہے۔