Aug ۰۸, ۲۰۲۵ ۰۰:۳۳ Asia/Tehran
  •  رہبر انصاراللہ یمن: اسرائيل امریکی بموں سے غزہ کے عوام کا قتل عام کررہا ہے

 رہبر انصاراللہ یمن نے غزہ کی تازہ ترین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی دشمن نے امریکی بموں کے ذریعے، غزہ کے مظلوم عوام کا قتل عام جاری رکھا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام:  رہبر انصاراللہ یمن سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ایک خطاب میں کہا ہے کہ پانچ مہینے سے غزہ میں کوئی مدد نہیں پہنچی ہے جس کی وجہ سے مظلوم فلسطینی عوام کی مشکلات  اور آلام بڑھ گئے ہیں۔   

انھوں نے کہا ہے کہ غزہ کے محاصرے میں بعض عرب اور مغربی ممالک بھی ساتھ دے رہے ہیں جس کے نتیجے میں  فلسطینی عوام المناک فاقہ کشی اور بھکمری کے المیئے سے دوچار ہیں۔

سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ اس وقت انسان دوستانہ امداد کے 22 ہزار سے زائد ٹرک غزہ کے دروازوں پر کھڑے ہیں جنہیں اندر  نہیں جانے دیا جارہا ہے۔  

انصاراللہ یمن کے سربراہ نے کہا کہ خود ٹرمپ نے جو اسرائیل کے جرائم کا حامی ہے، غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے اس  کو قابل افسوس اور المنک قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام کا رنج و الم دنیا کے لئے اور سب سے زیادہ مسلمانوں اور عربوں کے لئے شرمناک ہے۔

یمن کے عوامی رہنما نے کہا کہ غزہ  کے عوام پر بھوک کے ساتھ ہی پیاس بھی مسلط کردی گئی  ہے اور انہیں پانی  کے حصول میں بھی بڑی مشکلات کا  سامنا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ صیہونی دشمن  نے امریکی بموں سے مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام جاری رکھا ہے  اور خوراک کی جستجو میں جانے والے نہتے عوام، عورتوں، بچوں اور سن رسیدہ لوگوں   کو فائرنگ کرکے موت کی نیند سلادیا جاتا ہے۔

انصارللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ غزہ میں بہت سے امریکی بھی اسلحہ ہاتھ میں لے کر، صیہونیوں کے وحشیانہ جرائم میں براہ راست شریک ہیں جس کا متعدد امریکی فوجی افسران نے بھی اعتراف کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایک امریکی افسر نے صراحت کے ساتھ اعتراف کیا ہے کہ غزہ میں موت کا جال فلسطینی قوم کو مٹادینے کے لئے بچھایا گیا ہے۔

ٹیگس