سلامتی کونسل غزہ کے مسئلے پر ہنگامی اجلاس منعقد کرے، او آئی سی کا مطالبہ
جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے اعلامیے میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ غزہ کے بارے میں ہنگامی اجلاس منعقد کرے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: وزرائے خارجہ کی سطح پر منعقدہ او آئی سی تنظیم کے اجلاس کے اختتامی بیان میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے اور صیہونی حکومت کو عالمی قوانین کو نظرانداز کرنے اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام اور وسیع تباہ کاری کے لیے ذمہ دار ٹہرائے۔
اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس بیان میں غزہ کی تمام سرحدی گزرگاہوں کو امدادی سامان کی ترسیل کے لیے کھولنے اور انروا سمیت عالمی امدادی اداروں کی سرگرمیوں کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے اختتامی اعلامیے میں نتن یاہو اور اس کے "گریٹر اسرائیل کے خواب" کو سخت الفاظ میں مسترد اور اسے علاقے کی امن و سلامتی کے لیے سنجیدہ خطرہ قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس غزہ کے بحران کے موضوع پر سعودی عرب کے جدہ شہر میں منعقد ہوا اور اس دوران صیہونی حکومت کی جارحیت اور وحشیانہ جرائم اور اسے روکنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔