غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی حملے ، کئی شہید
غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد صیہونی فوج کے حملوں میں المجاہدین مزاحمتی بریگیڈز کے ایک سینیئر کمانڈر کے علاوہ مزید دسیوں عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام:المیادین نیوز نیٹ ورک کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی فوج کے حملوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہا اور اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے شمال مشرق میں واقع "التفاح" محلے پر دو بار بمباری کی۔
وسطی غزہ میں "النصیرات" کیمپ کے مغرب میں پناہ گزینوں کے خیمے پر صیہونی دہشتگردوں کے حملے میں سات افراد شہید ہو گئے۔ خبر تیار کئے جانے تک غزہ میں کم از کم مزید اٹھائس عام شہریوں کی شہادت کی خبر کی تصدیق ہو چکی تھی جن میں سے سولہ غزہ شہر میں شہید ہوئے ہیں۔
الجزیرہ نے بھی صیہونی جارحین کے حملوں میں شمالی شہر رفح میں امداد کے منتظر تین افراد کی شہادت متعدد دیگر کے زخمی ہونے کی بھی خبر دی ہے۔ غزہ کے ہسپتال ذرائع نے بھی وسطی اور جنوبی غزہ میں متعدد افراد کی شہادت کی خبر دی ہے۔
دریں اثناء ہنگامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی غزہ شہر کے "شجاعیہ" محلے میں ایک مکان پر دہشتگرد صیہونی فوجیوں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور کچھ لاپتہ ہو گئے۔ اس درمیان المجاہدین بریگیڈز کی ملٹری کونسل کے رکن "مصباح سلیم الدابہ" معروف بہ (ابو سالم) کی شہادت کی خبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہید ابو سالم اپنی اہلیہ کے ہمراہ صیہونی دہشتگردی کا نشانہ بنے۔
اُدھر اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین آنروا نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے باشندوں کو ان کی بنیادی ضروریات کے بغیر ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے اور کئی ہفتوں سے کوئی امداد اس علاقے میں داخل نہیں ہو سکی ہے۔
ایجنسی نے خیموں سمیت پناہ گاہوں کے لئے لازمی اشیاء فوری طور پر بھیجنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے غزہ کا محاصرہ جلد از جلد ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔