حزب اللہ، شہید نصراللہ کے خون سے سینچے ہوئے راستے پر رواں دواں ہے : حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کا خطاب
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بیروت میں منعقد ہونے والے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہید سید حسن نصراللہ کی شخصیت پر روشنی ڈالی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: انہوں نے اس موقع پر کہا ہےکہ شہید نصراللہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور امام خامنہ ای کے حقیقی پیرو تھے اور ان شخصیات کو اپنا نمونہ عمل سمجھتے تھے -
انہوں نے زور دیکر کہا کہ حزب اللہ اس راستے پر گامزن ہے جسے شہید نصراللہ نے اپنے خون، اپنے تفکر اور روحانیت سے سینچا ۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے اس موقع پر صیہونی حکومت کے ساتھ جنگ کو ایک بڑی عالمی جنگ قرار دیا اور کہا کہ حزب اللہ نے استقامتی محاذ کو ختم کرنے پر مبنی صیہونی حکومت کی سازش کا شاندار انداز میں مقابلہ کیا اور گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔
شیخ نعیم قاسم نے زور دیکر کہا کہ امریکہ اور اسرائیل حزب اللہ کا ہتھیار چھیننا چاہتے ہیں جو پورے لبنان کو نہتے کرنے کے مترادف ہے -

لبنان میں حزب اللہ کے مرحوم سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر ایک تقریر میں یمن کی انصاراللہ تحریک کے سربراہ نے تاکید کی کہ حزب اللہ مزاحمت کی علمبردار ہے اور حزب اللہ کے ہتھیاروں نے خطے کو اسرائیل سے محفوظ رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا شہید سید حسن نصر اللہ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے صیہونیوں کے لیے ایک حقیقی دہشت اور ڈراؤنا خواب تھےاورانشااللہ وہ اب بھی ہے۔
عبد الملک الحوثی نے کہا کہ مشہور نعرہ "اسرائیل مکڑی کے جالے سے زیادہ کمزور ہے" صیہونیوں کے ذہنوں پر مسلط ہوا اور اسرائیل کے لیے ایک سیکوریٹی جنون بن گیا ہے۔

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی لاریجانی جو شہید سید حسن نصراللہ کی پہلی برسی کی مناسبت سے لبنان پہنچے ہیں نے کہا ہے کہ حزب اللہ ،لبنان اور عالم اسلام میں ایک حقیقی تحریک ہے جو صیہونی حکومت کی توسیع پسندی کے خلاف ایک بڑی رکاوٹ ہے اور وہ لبنانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے آپ کو قربان کررہی ہے۔
لاریجانی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اس لیے کوئی بھی سیاسی اقدام جو لبنانی عوام کی فلاح و بہبود میں مدد دے سکتا ہے وہ مفید ہے۔