اسرائیلی حکومت کے حملے جنگی جرم: لبنان کے صدر جوزف عون
لبنان کے صدر جوزف عون نے جنبوی لبنان کے مختلف علاقوں پر غاصب اسرائيلی حکومت کے حملوں کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے صدر جوزف عون نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر ہونے والے غاصب اسرائیلی حکومت کے حملوں کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے لبنان نے اسرائیل کے ساتھ مسائل کے پُرامن حل تلاش کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے تب سے اس نے لبنان کے اقتدار اعلیٰ پر اپنے حملوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
جوزف عون نے کہا کہ اسرائیل فخر کے ساتھ اعلان کرتا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کا پابند نہیں ہے اور جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی پر اصرار بھی کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ جنگ بندی کی منظوری کے بعد، اسرائیل نے مذاکرات پر مبنی راہ حل کی مخالفت میں ہر ممکنہ اقدام کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ غاصب اسرائيلی حکومت کی فوج نے جمعرات کو لبنان کے مختلف علاقوں بالخصوص جنوبی علاقے پر متعدد بار وحشیانہ حملے کیے ہیں۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد غاصب صیہونی حکومت نے بارہا لبنان کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کیا ہے اور ساتھ ساتھ حزب اللہ کو غیر مسلح کئے جانے کی بھی ہر ممکنہ کوشش کی ہے۔