یمن : امن مذاکرات کا اگلا دور 14 جنوری کو ہوگا
یمن کے بارے میں امن مذاکرات کا اگلا دور جنوری کے وسط میں ہوگا۔
جنیوا میں سفارتی ذرائع نے بتایا کہ یمن کے بارے میں امن مذاکرات کے فریقوں نے چودہ جنوری سے مذاکرات کا سلسلہ پھر سے شروع کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
اس سے پہلے آمدہ خبروں میں کہا گیا تھا کہ سوئیزرلینڈ میں پانچ روز سے جاری امن مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئے ہیں۔
یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات کے موقع پر جنگ بندی کا بھی اعلان کیا گیا تھا لیکن سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے مذاکراتی عمل کے دوران بھی یمن پر حملے بند نہیں کیے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے اقوام متحدہ کے نام ایک مراسلے میں جنگ کے نفاذ میں عالمی ادارے کی ناکامی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے اقوام متحدہ کا ادارہ یمن میں جنگ بندی کے نفاذ میں ناکام ہوگیا ہے حالانکہ مذاکرات کے دوران جنگ بندی اور عوام تک انسان دوستانہ امداد بہم پہنچانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
قابل ذکرہے کہ یمن پر چھبیس مارچ جاری سعودی جارحیت میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری افراد شہید ہوچکے ہیں۔ عالمی اداروں کا کہنا ہے یمن کی آدھی سے زیادہ آبادی کو انسانی امداد کی فوری ضرورت ہے۔