Dec ۰۳, ۲۰۲۰ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی انتقال کر گئے

سینیٹر ثناء جمالی نے اپنے نانا اور سابق وزیر اعظم ظفراللّٰہ جمالی کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان ظفر اللہ جمالی 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ 1944ء میں بلوچستان میں پیدا ہوئے تھے۔

 میر ظفر اللہ خان جمالی کو اتوار کے روز دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی کے اے ایف آئی سی منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی حالت تشویش ناک تھی۔

سابق وزیر اعظم ظفراللہ خان جمالی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر ظفراللّٰہ جمالی کو آبائی گاوں روجھان جمالی میں سپردخاک کیاجائےگا۔

میر ظفراللہ جمالی گزشتہ کئی دن سے اے ایف آئی سی میں زیر علاج تھے اور گزشتہ 3 دن سے وینٹی لیٹر پر تھے۔

ان کی موت سے متعلق افواہ بھی سامنے آئی تھی، تاہم سینیٹر ثناء جمالی نے اس کی تردید کی تھی۔

میرظفر اللہ جمالی 2002ء میں سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے تقریباً 55 برس قبل سیاسی کیرئیر کا آغاز تھا، وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کئی بار اسلامی جمہوریہ ایران کا  سفر بھی کیا۔

جمالی سنجیدہ اور منجھے ہوئے سیاست دان تھے اور وہ اصولوں اور روایات کے پابند تھے ۔

سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی کے انتقال پر پاکستان کےصدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم پاکستان عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور اس ملک کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں کے رہنماوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت کی  دعا کی ۔

ٹیگس