Jan ۰۷, ۲۰۲۱ ۰۸:۲۶ Asia/Tehran
  • شہداء کی تدفین کیلئے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ کی جانب سے لواحقین کو منانے کی کوشش

حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) شہداء کی تدفین کیلئے لواحقین کو منانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

شیعہ مسلمانوں کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بروز جمعرات کوئٹہ جائیں گے۔ دورے کے دوران شہدا کے لواحقین سے ملاقات کریں گے جبکہ ہزارہ برادری کے شہدا کے لواحقین سے اظہارافسوس بھی کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی کوئٹہ میں دھرنے کے شرکاء سے میتیں دفنانے کی اپیل کی تھی۔

لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز شریف کے ہمراہ جانے والا وفد سابق وزیر اعظم نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرے گا۔

اُدھر پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق پاکستان بلاول بھٹو مغربی بائی پاس پر ہزارہ کیمونٹی کے دھرنے میں جائیں گے اور سانحہ مچھ کے مقتولین کے ورثاء سے تعزیت کریں گے۔

ذرائع بلاول ہاؤس کا کہنا ہے کہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے 11 کان کنوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا تھا جس کے بعد ان کے لواحقین اور شیعہ مسلمانوں نے کوئٹہ میں میتوں کے ہمراہ دھرنا دے رکھا ہے۔

حکومت کی جانب سے یہ دھرنا ختم کروانے کے لیے کوششیں جاری ہیں تاہم دھرنے کے شرکا وزیر اعظم سے ملاقات کے بغیر احتجاج ختم کرنے پر آمادہ دکھائی نہیں دیتے۔

دھرنے کے منتظمین میں شامل آغا رضا کا کہنا تھا کہ یہ دھرنا کسی شخص نے اپنی مرضی سے نہیں دیا۔ ہم لوگوں کی آواز ہیں۔ یہ دھرنا لواحقین کے کہنے پر دیا گیا ہے۔ لواحقین اپنی مرضی سے یہ جنازے یہاں لے کر بیٹھے ہیں۔ دیگر مطالبات تو تسلیم ہو گئے لیکن ان کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم آ کراعلان کریں گے تو ہی یہ یہاں سے اٹھیں گے۔

ٹیگس