Jan ۲۵, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • پی ڈی ایم، حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی: آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں حکومت کیخلاف تحریک چلانے کے طریقہ کار پر اختلافات کے باعث پی ڈی ایم اتحاد خطرے میں پڑگیا ہے ۔

پاکستان کے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ملک شدید خطرات میں ہے حکمران کوئی بڑا بلنڈر کر سکتے ہیں، حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے، پی ڈی ایم متحد ہے اور حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزرا کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ایک بار چھوڑ کر سو بار تحریک عدم اعتماد لائے، اسے شکست ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن ایک نہیں سو بار تحریک عدم اعتماد لا کر دیکھ لے۔ فضل الرحمان بند گلی کی طرف جا رہے ہیں، وہ ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانے کی بات کر کے بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو آئینی طور پر تسلیم کرلیا، اب سلیکٹڈ کہنا بند کر دیں۔

وفاقی وزیر اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس ووٹ ہیں تو وہ خوشی سے تحریک عدم اعتماد لائیں، ہم اس کا سامنا کریں گے۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں، استعفوں سے شروع ہونے والی بات اب تحریک عدم اعتماد تک آ گئی ہے۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کے خلاف متحدہ اتحاد پی ڈی ایم میں تحریک چلانے کے طریقے کار پر اختلافات  کی وجہ سے بھرپور تحریک شروع ہوتے نظر نہیں آرہی۔ اختلافات اس وقت شروع ہوئے جب سابق صدرآصف علی زرداری کی جانب سے ارکان اسمبلی کے استعفوں کا بیان آیا کہ ہم بہتر جانتے ہیں استعفے کب دینے ہیں، ڈکٹیشن نہیں چاہیے۔

ٹیگس