Dec ۲۹, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان سمیت مسلم اقوام کی یکجہتی پر تاکید

تقریب اسلامی مذاہب کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے منگل کی شام اسلام آباد میں تقریب اسلامی مذاہب کے سیکرٹری جنرل حمید شہریاری اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ سمیت عالم اسلام اور علاقے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے تقریب مذاہب اسلامی کے وفد کے دورہ اسلام آباد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عالم اسلام کے علماء کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور ایران اور پاکستان سمیت مسلم اقوام کے درمیان یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے اس اسلامی ادارے کی کوششوں کو سراہا۔

نورالحق قادری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی عوام اور حکومت، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلم اقوام کی حمایت بشمول کشمیری عوام کے ارمانوں کے دفاع پر شکر گزار ہیں اور ہم اس حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

اس ملاقات میں تقریب اسلامی مذاہب کے سیکرٹری جنرل علامہ شہریاری نے پاکستانی وزیر برائے مذہبی امور کے اتحاد سے متعلق تعمیری موقف کو سراہتے ہوئے پیر نورالحق قادری کو تہران میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی اسلامی اتحاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

علامہ شہریاری نے اتحاد مخالف اقدامات سے نمٹنے اور مسلم اقوام کو مشترکات سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے کو امت مسلمہ کے درمیان تقسیم اور انتشار کو روکنے کا بنیادی طریقہ قرار دیا۔

ٹیگس