Jan ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستانی اخبار کے الزام پر ایرانی سفارتخانے کا ردعمل

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ تہران یمن کی جنگ میں الجھے ملکوں کے درمیان اختلافات دور کرنے اور اس عرب ملک میں انسانی سانحے کے خاتمے کی غرض سے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔

جمعے کو اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں ایک پاکستانی اخبار میں یمن اور متحدہ عرب امارات کے حوالے سے، ایران پر لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے من گھڑت اور بے بنیاد دعوؤں سے ایران اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں رائے عامہ کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، متحدہ عرب امارات سمیت اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کا احترام کرتا ہے۔

بیان میں مزید آیا ہے کہ حقایق کے منافی خبریں شائع کر کے، یمن میں جنگ بندی کے قیام اور اس جنگ میں الجھے ہوئے ملکوں کے درمیان اختلافات کو دور کرنے کی غرض سے ایران کے مخلصانہ اقدامات کو چھپانے کی کوشش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے انگریزی زبان میں شائع ہونے والے اخبار ڈان نے اپنے ایک اداریے میں کسی بھی قسم کے شواہد پیش کیے بغیر، ایران پر متحدہ عرب امارات کے خلاف یمن کے حملہ کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔

ٹیگس