یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف پاکستان میں احتجاج
پاکستان کے غیور عوام نے یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔
یمن میں آلِ سعود کی جارحیت کیخلاف امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے ملک کے اہم شہروں لاہور، ملتان، گلگت اور اسلام آباد میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا۔ اس حوالے سے لاہور میں پریس کلب کے سامنے بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
آئی ایس او پاکستان کے رہنمائوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 سال سے یمن میں مظلوم مسلمانوں کو شیطانی قوتوں کی جارحیت کا سامنا ہے، سعودی بمباری سے یمن میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی و شہید اور معذور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے بدترین انسانی بحران، وحشیانہ حملوں کیخلاف اور یمن میں عالمی سامراج کی جارحیت کیخلاف ہمیں سڑکوں پر نکل کر استعمار دشمنی کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ یمن کی جیل پر جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے میں 80 سے زائد مظلوم یمنی جاں بحق اور 260 زخمی ہوئے۔ آل سعود اور متحدہ عرب امارات، عالمی سامراج امریکہ اور صیہونی حکومت کے آلہ کار اور انسانیت کے مجرم ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ یمن میں جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں پچاسی فیصد سے زیادہ بنیادی تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ عوام کو خوراک اور دواؤں کی قلت کا بھی سامنا ہے، ان تمام مظالم کے باوجود امت مسلمہ کی خاموشی اور عالمی برادری کی بے حسی افسوسناک ہے۔