Jan ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ چین کا مقصد اظہار یکجہتی ہے: شاہ محمود قریشی

پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس ملک کے وزیراعظم کے دورہ چین کا بنیادی مقصد اولمپکس میں شریک ہونا ہے اس لئے کہ کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے متوقع دورہ چین کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 3 سے 5 فروری کو چین کا دورہ کریں گے، ہماری خارجہ پالیسی کا فوکس اقتصادی سفارت کاری پر ہے جس سے معاشی استحکام اور عام آدمی کی خوشحالی مقصود ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے یقیناً سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ان سب موضوعات پر گفتگو ہو گی لیکن دورہ چین کا بنیادی مقصد چین میں منعقدہ اولمپکس میں شریک ہونا ہے، کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے، پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دورہ چین کا بنیادی مقصد اظہار یکجہتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ سائیڈ لائن پر ملاقاتیں اور گفت و شنید بھی ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہم گزشتہ دو سالوں سے کورونا کی فضا میں کام کر رہے ہیں، کورونا نے انسانوں کے ساتھ ساتھ معیشتوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔

ٹیگس