Jul ۰۱, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۳ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم کی نئے امریکی سفیر سے ملاقات

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکا کے نئے سفیر سے ملاقات اور دو طرفہ تعلقات میں توسیع پر گفتگو کی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے امریکا کے نئے سفیر کی پاکستانی میں تعیناتی کے بعد اسناد، صدر مملکت کو پیش کرنے پر مبارک باد بھی دی اور امید ظاہر کی کہ امریکی سفیر پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے اور انہیں توسیع دینے کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لائیں گے۔

پاکستان کے وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

پاکستانی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان قائم تعلقات کو تاریخی اور دیرینہ بتایا اور ساتھ ہی باہمی احترام، اعتماد اور مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اپنی خواہش دہرائی۔ پاکستانی وزارت عظمیٰ کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان قائم ہونے والے مختلف مکالمے تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، صحت اور توانائی کے شعبوں میں ہمارے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے امریکا کی ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کی طرف سے پاکستان کی بڑی مارکیٹ میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ یہ سال پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کا پچھہترواں سال ہے تاہم ماضی میں امریکہ کے مسلسل جارحانہ اور مداخلت پسندانہ اقدامات کے باعث پاکستانی عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔

 

 

 

ٹیگس