پاکستان کے فیصلے سعودی عرب میں؟
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 17 جولائی کے بعد ملکی سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوجائے گا۔
پاکستان کے سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب میں ملکی سیاست کے حوالے سے اہم فیصلے ہو رہے ہیں۔
عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی کے بعد مدرسہ تعلیم القرآن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں اہم سیاسی مشاورت ہوئی ہیں اور وہاں ملکی سیاست کے حوالے سے اہم فیصلے ہو رہے ہیں، سب اتفاق کرچکے تاہم میاں نواز شریف ابھی نہیں مانے، شہباز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان ایک پیج پر ہیں جبکہ نواز شریف ذرا بدلے بدلے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو اگر خلائی، فضائی موسم اثرانداز نہ ہوئے تو سیاسی منظر نامہ بدل جائے گا۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں بعض تعیناتیوں پر اختلافات ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کی مختلف سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے پاکستان کے داخلی امور میں سعودی حکام کی مداخلت پر انتباہ دیا تھا۔ جبکہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بعض قوتیں من جملہ امریکہ پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے اور ہمیں چاہئیے کہ ایک خود دار قوم ہونے کے ناطے کسی کو بھی پاکستان کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کی اجازت نہ دیں۔